سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے بڑی خبرسامنے آئی ہے۔ سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی منظوری دے دی۔دونوں ٹیموں میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہوگی۔پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دسمبر میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی اور 10 برس کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کے لیے پاکستان میں میدان آباد ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق دس سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کیلئے میدان سجے گاجس میں پاکستان اور سری لنکا مدمقابل ہوں گے۔دو ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چمپیئن شپ کا حصہ ہوں گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری کردیاہے۔شیڈول کے مطابق سری لنکن ٹیم دسمبر میں پاکستان آئے گی۔پہلا ٹیسٹ گیارہ سے 15دسمبر تک راولپنڈی میں شروع ہوگاجبکہ دوسرا ٹیسٹ 19سے 23دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔