شندورپولوفیسٹیول اختتام پذیر، کورکمانڈرپشاورلیفٹیننٹ جنرل حسن اظہرحیات کی بطور مہمان خصوصی شرکت

چترال:خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام شندورپولو فیسٹیول کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ چترال کی ٹیم نے فائنل میچ میں گلگت بلتستان کی ٹیم کو پانچ گول کے مقابلے میں سات گول سے شکست دی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کورکمانڈرالیون کور پشاورلیفٹیننٹ جنرل حسن اظہرحیات تھے جنہوں نے فاتح کھلاڑیوں اور ٹیم میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔ اختتامی تقریب کے موقع پر سکول کے طلباء و طالبات نے ٹیبلو پیش کیاجبکہ پیراگلائیڈنگ، پیراٹروپر، ایف سی ڈانس پرفارمنس، کیلاشی ڈانس پرفارمنس اور دیگر پرفارمنس پیش کی گئیں۔ میلے کا اہتمام خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، پاکستان آرمی اور ضلعی انتظامیہ کے مشترکہ اشتراک سے کیا گیا۔فیسٹیول میں گزشتہ روز گلگت بلتستان کے مقامی فنکاروں نے محفل موسیقی میں پرفارم کیاجبکہ چترال اور گلگت بلتستان کے ہنر مندوں کے فن پاروں کو اجاگر کرنے اور فروغ دینے کے لیے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کی جانب سے سیاحوں کی مدد کے لیے ٹورازم پولیس کے جوانوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے اور سیاحوں کے لیے مناسب رہائش کی سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے۔آخری روز فائنل میچ دیکھنے کیلئے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی کثیرتعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔میچ کے دوران گلگت بلتستان اور چترال کے شائقین سمیت سیاحوں کی جانب سے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی۔ فیسٹیول کے پہلے روز چترال کی کلچرل نائٹ کا انعقاد کیا گیا جبکہ گزشتہ روز گلگت بلتستان کی محفل موسیقی کا انعقاد کیا گیا جس میں فنکاروں نے روایتی اور ثقافتی گیت گا کر حاضرین کو محظوظ کیا اور علاقے کی بھرپور ثقافت کو فروغ دیا۔دوسرے روز گلگت بلتستان بی ٹیم اور چترال بی ٹیم کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں گلگت بی نے سنسنی خیز مقابلے میں 5-2 سے کامیابی حاصل کی۔آخر میں کورکمانڈرالیون کور پشاورلیفٹیننٹ جنرل حسن اظہرحیات نے دونوں ٹیموں میں تحائف، نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔