کھیلوں کے شعبے کیلئے 5 ارب روپے مختص کئے ہیں

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ کھیلوں کے شعبے کے لئے 5 ارب روپے مختص کئے ہیں، دوبارہ موقع ملا تو تعلیم ، فنی تعلیم اور کھیل کے میدان بنانے کے لئے جتنے وسائل درکار ہوئے مہیا کریں گے، نوجوان کسی بھی ملک کا سرمایہ ہوتے ہیں،محدود وسائل کے باوجود نوجوانوں نے کھیل کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا، پوری قوم ملک کا نام روشن کرنےوالوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے،زرمبادلہ کے ذخائر میں گزشتہ روز 60کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ، دوست ممالک کی معاونت سے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، نوجوانوں کی محنت اور جدوجہد سے پاکستان آگے بڑھے گا، نوجوانوں کے لئے جتنے وسائل درکار ہوئے مہیا کریں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو یہاں وزیراعظم یوتھ سپورٹس انیشی ایٹو کے اجرا ءکی تقریب سےخطاب کرتےہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری ،وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزافاطمہ کے علاوہ کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں نے اپنی محنت سے کھیل کے میدان میں نام کمایا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔قلیل وسائل کے باوجود اپنے ٹرینرز ، کوچ اور والدین کی دعائوں سے پاکستان کا دنیا میں نام روشن کیا ۔پاکستان نے دیگر میدانوں میں اگر سست روی دکھائی ہے تو ان نوجوانوں نے کھیل کے میدان میں پاکستان کا پرچم پوری دنیامیں بلند کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج 5 ارب روپے کاوزیراعظم فنڈ کا اعلان وفاقی وزیر احسان الرحمن نے کیا ۔ وفاقی وزیر اور معاون خصوصی نے بہت محنت کی ہے۔ ا س 5 ارب روپے میں کھلاڑیوں کے ٹکٹس ، لاجسٹکس ، رہائش اور کٹس شامل ہوں گی۔ یہ 5 ارب روپے پورے ملک کے لئے آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔ کروڑوں نوجوانوں کو اگر صحیح ماحول اور سہولیات میسر آئیں تو دنیا کی بہترین ٹیموں سے یہ آگے نکل سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ توقع ہے کہ آنے والی حکومتیں اس بجٹ کو بڑھائیں گی۔پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 60 کروڑ ڈالر کا گزشتہ روز اضافہ ہوا ہے۔ چین کے بینک نے یہ رقم رول اوور کی،یہ معمولی بات نہیں، ہم احسان کرنے والوں کو یاد رکھتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ ہے ہیں ۔ ہمار ی دعا ہے کہ ان ذخائر میں قرضوں کی بجائے ہمارے خون پسینے اور محنت سے اضافہ ہو۔ سپیشل اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے اپنے بچوں سے ہمیں سبق اور ہمت حاصل کرنی چاہیے۔ یہ بچے ہر شعبہ میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں ، انہی کی محنت کے طفیل پاکستان آگے بڑھے گا۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ اگر اللہ نے دو بارہ موقع دیا تو قوم کے ان کروڑوں بچوں اور بچیوں کی تعلیم ، فنی تعلیم اور کھیل کے میدان بنانے اور سجانے میں جتنے وسائل درکار ہوئے مہیا کریں گے۔یہ سب اللہ اور اس کے بعد قوم کے ہاتھ میں ہے۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزا فاطمہ خواجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ( ن )نے کھیلوں کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہے،شہباز شریف نے بطور وزیر اعظم ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کو بحال کیا ہے۔حکومت نے ٹیلنٹ ہنٹ کروائے ہیں۔اس ماہ کے آخر پر قومی سطح پر مقابلے ہوں گے۔سپورٹس انیشی ایٹو کے تحت کھیلوں کے فروغ کے لئے 5 ارب روپے رکھے گئے۔انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا جارہا ہے اس میں ہر سال اضافہ ہوگا۔اس سے سابق کھلاڑیوں کو بھی مالی امداد ملے گی۔فوری طور اخراجات پورے کرنے کے لئے اڑھائی ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔اسلام آباد میں پہلی سپورٹس یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے۔تقریب سے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار سال میں کھیلوں کے شعبہ کو نظر انداز کیا گیا۔محدود وسائل کے باوجودکھیلوں کے شعبے کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔کھیلوں کا انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔سپورٹس انیشی ایٹو موجودہ حکومت کی کھیل دوستی کا بین ثبوت ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر چترال سے تعلق رکھنے والے ٹیبل ٹینس کے سپیشل کھلاڑی الطاف الرحمان کو سپورٹس ویل چیئر کی خریداری کے لئے ساڑھے 3 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔وزیر اعظم نے سپیشل اولپکس میں تمغے حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو 50 لاکھ روپے کا چیک دیا۔وزیراعظم نے اس موقع پر پہلی سپورٹس یونیورسٹی کا افتتاح بھی کیا۔