پاکستانی ای گیمرز نے ٹیکن 7 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

لاہور : پاکستانی ای گیمرز نے سعودی عرب میں کھیلے جانے والے ٹیکن 7 کے فائنل میں جنوبی کوریا کی ٹیم کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ سعودی دارالحکومت ریاض کے بلیوارڈ سٹی میں کھیلے جانے والے ای گیمز کے فائنل رائونڈ میں ارسلان ایش، عاطف بٹ اور خان عمران پر مشتمل تین رکنی پاکستانی ای گیمزر ٹیم نے مقابلے میں اپنی مہارت کا بھرپور استعمال کیا اور مخالف جنوبی کورین ٹیم کو 2-3 شکست دیکر ای گیمز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔پاکستانی کھلاڑیوں کے ٹیکن 7 کا ٹائٹل جیتنے پر سعودی شائقین کی بڑی تعداد نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو خوب سراہا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹرافی کے ساتھ ساتھ 5 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم بھی دی گئی، پاکستانی ای گیمرز ارسلان ایش، عاطف بٹ اور خان عمران کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں کھیل کر بہت خوشی محسوس ہوئی اور ہماری کوشش یہی تھی کہ ٹرافی جیت کر ملک کا نام روشن کریں۔