ہفتہ وار بنیادوں پر کتنی مہنگائی رہی،اعدادوشمار جاری

اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح بڑھ کر 23.03 فیصد کی سطح پر ہوگئی ہے، ایک ہفتے میں 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں1.30 فیصد اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح 23 اعشاریہ 03 فیصد ریکارڈ کی گئی۔مہنگائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں آٹھ اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ 24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ رواں ہفتے جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں ایک ہفتے میں ٹماٹر، دال چنا، چکن، بجلی اور انڈوں سمیت دیگر شامل ہیں۔ رواں ہفتے ٹماٹر 27.14 اور چکن 11.75 فیصد، بجلی چارجز 8.73 فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں6.14 فیصد ، دال چنا 7.19 اور انڈوں کی قیمت میں 3.70 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔کیلے 3.22 ، بیف کی قیمت 1.52 فیصد مہنگے ہوئے، حالیہ ہفتے دال مونگ، مٹن، سگریٹ اور انرجی سیور کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ اسی طرح ایک ہفتے میں آٹا، چینی، چاول اور لہسن سستے ہوئے، پیاز کی قیمت میں 5 فیصد کی کمی ہوئی۔