نیشنل گیمز،خواتین کے ہاکی مقابلے سیمی فائنل مراحل میں داخل،پاکستان آرمی12 گولڈ میڈلزکے ساتھ آگے

نیشنل گیمز

پشاور: 33ویں نیشنل گیمز قومی کھیلوں کے شوٹنگ مقابلوں کے 14 ایونٹس کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ پاکستان آرمی نے سونے کی12 تمغے جیت لئے ہیں جبکہ پاکستان نیوی نے سونے کے سات تمغوں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ پاکستان ائیر فورس کے نشانہ بازوں نے سونے کے دو تمغے جیت لئے۔ پاکستان واپڈا اور سندھ نے بھی ایک ایک سونے کا تمغہ جیتا۔سکیٹ،ڈبل ٹریپ،ائیر رائفل، ائیر پسٹل میں پاکستان آرمی کے کھلاڑیوں نے انفرادی میڈل حاصل کئے جبکہ پاکستان نیوی کی جانب سے چھ انفرادی اور ایک ٹیم ایونٹ میں سونے کے تمغے جیتے گئے۔ قومی کھیلوں کے باضابطہ افتتاح سے قبل شوٹنگ مقابلے جہلم میں شروع ہو گئے تھے تاہم ابھی دو ایونٹس باقی ہیں۔اگرچہ پاکستان واپڈا اور صوبہ سندھ کے نشانہ باز بھی میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہے تاہم خیبر پختون خوا کے نشانہ باز ایک پوائنٹ بھی حاصل نہیں کر سکے اور ان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔ 33ویں نیشنل گیمزکے سلسلے میں خواتین کے ہاکی مقابلے سیمی فائنل مراحل میں داخل ہوگئے۔پاکستان آرمی ،پاکستان ریلوے،پنجاب اور پاکستان واپڈکی ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی میں کامیاب ہوگئیں۔پشاور کے لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم میں منعقدہ پہلے کوارٹر فائنل میچ میں پاکستان آرمی کی ٹیم نے میزبان ٹیم خیبر پختونخواکوعبرتناک شکست دیکر صفر کے مقابلے میں چار گول سے ہراتے ہوئے ایونٹ سے باہر کردیا جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں پاکستان ریلوے کی ٹیم نے سندھ پر گولوں کی بوچھاڑ کردی اور یکطرفہ مقابلے کے بعدصفر کے مقابلے میں 13گول سے کامیابی سمیٹی ،ریلوے کی جانب سے تہمینہ نے چار،آرزونے تین ،سحرش اور شارقہ نے دو ،دوجبکہ مہوش اور زارانے ایک ایک گول سے سکور کیا۔اسی طرح پنجاب نے ہائیرایجوکیشن کمیشن کی ٹیم کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا،پنجاب کی جانب سے اریبہ سرور اور صدف نے پیلنٹی کارنر کے ذریعے گول سکول کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار اداکیا۔واپڈاکی ٹیم کو بلوچستان کیخلاف واک آوور کی بنیادپر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔