ویمنز ٹی ٹونٹی سیریز، پاکستان نے بنگلہ دیش کو کلین سوئیپ کردیا

لاہور : قومی ویمنز ٹیم نے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بنگلہ دیش کو 28رنز سے شکست دے کر 3میچوں کی سیریز میں کلین سوئیپ کردیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 117رنز بنائے۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ویمنز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 89 رنز ہی بناسکی۔جویریہ خان نے کیرئیرکی ساتویں نصف سنچری اسکور کی۔اس سے قبل قومی ویمنزکرکٹ ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔محض 19اسکور پر ابتدائی 2 وکٹیں گرنے کے بعد جویریہ خان اور عمیمہ سہیل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 67 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔جویریہ خان نے7چوکوں کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔عمیمہ سہیل 31 رنز بنا کر رن آوٴٹ ہوئیں۔ قومی ویمنز ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے جہاں آراء عالم نے 12 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ رومانہ احمد نے 2وکٹیں حاصل کیں۔118 رنز کے تعاقب میں مہمان ٹیم کی ابتدائی 4 کھلاڑی محض 12رنز پرآوٴٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئیں۔ وکٹ کیپر بیٹر نگار سلطانہ اور فرغانہ حق نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا۔دونوں کے درمیان 53 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ نگار سلطانہ 30 اور فرغانہ حق 27 رنز بنا کر ٹاپ اسکوررز رہیں۔مہمان ٹیم کی 6 کرکٹرز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکیں۔ بنگلہ دیش کی ویمزٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 89 رنز ہی بناسکی۔اسپنر انعم امین نے 10 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائی۔انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کرنے والی اسپنر صباء نذیر نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔کیرئیر کی ساتویں نصف سنچری اسکور کرنے پر پاکستان کی جویریہ خان کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔صباء نذیر نے پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کیا۔