امریکی ریاست اوہایو میں حجاب پہننے پر مسلمان ایتھلیٹ کو ریس سے باہر کردیا گیا

نیویارک : امریکی ریاست اوہایو میں مسلمان ایتھلیٹ کو حجاب پہننے کی وجہ سے مقابلے سے باہر کردیا گیا، برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق 16 سالہ مسلم ایتھلیٹ نور ابوکارام کے مطابق حجاب پہننے پر انہیں کہا گیا کہ ان کا لباس ریس میں حصہ لینے کے قواعد و ضوابط کے خلاف ہے ، نور نے اپنی فیس بک پوسٹ پر بتایا ضلعی سطح پر مقابلوں میں ان کے حجاب کو کبھی بھی مسئلہ نہیں بنایا گیا، وہ ہمیشہ سے سلوانیا نارتھ ویو سکول ٹیم کی نمائندگی کرتی آرہی ہیں، نور نے بتایا کہ جب سرکاری انتظامیہ ان کی ٹیم کا معائنہ کرنے کے لیے آئی تو انہوں نے ٹیم کی ایک ممبر کو شارٹس تبدیل کرنے کو کہا کیونکہ یہ ان کے قواعد کی خلاف ورزی تھی مگر انتظامیہ نے انہیں اس وقت حجاب کے حوالے سے کچھ بھی نہیں کہا، ایتھلیٹ کا کہنا تھا کہ اسی دوران انہوں نے اپنے کوچ کو انتظامیہ سے کچھ نجی گفتگو کرتے ہوئے بھی دیکھا تھا، نور ابو کارام نے بتایا کہ جیسے ہی انہوں نے 5 کلو میٹر کی دوڑ کو عبور کیا تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئیں کہ سکور بورڈ پر ان کا نام موجود نہیں تھا جس پر ان کے کچھ ساتھیوں نے بتایا کہ انہیں حجاب کی وجہ سے مقابلے کیلئے نااہل قرار دیا گیا ہے ۔ نور ابوکارام نے کہا کہ اس معاملے پر کافی مسئلہ کھڑا ہوجانے کے بعد اوہایو ہائی سکول اتھلیٹک ایسوسی ایشن نے آئندہ مذہبی قواعد و ضوابط میں چھوٹ دینے پر نظر ثانی کی یقین دہانی کرائی ہے ۔