پاکستان کرکٹ بورڈ کا بڑا فیصلہ،سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹا دیا

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی کپتانی سے ہٹادیا ۔دورہ آسٹریلیا کے لئے اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا ہے جب کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی بابراعظم کے سپرد کر دی گئی ہے۔ سرفراز احمد کو دونوں فارمیٹ میں ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کپتانی سے ہٹایا گیا۔ذرائع کے مطابق اظہر علی آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پی سی بی کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیریز کے لیے نائب کپتان کا تقرر جلد کردیا جائے گا، آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی اسکواڈز کا اعلان 21 اکتوبر کو کیا جائے گا۔‏پی سی بی کے مطابق اظہر علی کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سیزن 2019-20 کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ ‏بابر اعظم کو آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2020 تک کپتان مقرر کیا گیا ہے۔