پاکستان سپورٹس بورڈ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

اسلام آباد : وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ نیٹ بال اور دیگر کھیلوں کو نیشنل گیمز میں شامل کروانے کا مسئلہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن میں اٹھائیں گے اور کھیلوں کو سیاست سے پاک ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح سٹیڈیم میں منقعد نیشنل گیمز مشعل کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پاکستان کبڈی فیڈریش اور اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور ، پاکستان آرمی کے ڈی جی سپورٹس برگیڈیئر ملک ظہیر اختر،کرنل غلام بشیر انجم، منظور الحسن سینئر کے علاوہ کھلاڑیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے کہاکہ آج میرے لئے خوشی کی بات ہے کہ میں 33 نیشنل گیمز کی مشعل وصول کررہی ہوں اور پہلی نیشنل گیمز 1948 میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی قائد اعظم محمد علی جناح تھے جہنوں نے خود اپنے ہاتھوں سے ٹرافی دی۔ یہ شمع مزار قائد کراچی سندھ سے شروع ہوکر بلوچستان، پنجاب سے ہوتی ہوئی آج اسلام آباد پہنچی اور اسلام آباد سے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے ہوکر 26 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں پہنچے گی۔

انہوں نے حکومت ملک میں کھیلوں کی ترقی چاہتی ہے اور دہشت گردی کی وجہ سے ہمارے کھیل بہت پیچھے چلے گئے تھے گیمز امن بھائی چارے اور ایک دوسرے سے محبت کا پیغام اور درس دیتی ہیں نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور کھیل دنیا کو یکجہتی کا پیغام دیتی ہیں۔ اور ہماری خواتین کسی بھی شعبہ میں کسی سے کم نہیں ہیں پاکستان سپورٹس بورڈ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پرامن ملک ہے اور انٹرنیشنل کھیلوں کی بحالی ہوچکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کی تقرری کا اشتہار دیا تھا لیکن کورٹ نے حکم امتناعی جاری کیا ہوا ہے ہم کورٹ میں اس کا جواب دیں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نیٹ بال اور دیگر کھیلوں کو نیشنل گیمز میں شامل کروانے کا مسئلہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن میں اٹھائیں گے اور کھیلوں کو سیاست سے پاک ہونا چاہئے۔