پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ کے سامنے لنکن بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی،عثمان شنواری

کراچی: قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر عثمان خان شنواری کا کہنا ہے کہ انہوں نے سری لنکن ٹیم سے بدلہ لیا ہے۔دوسرے ون ڈے میں مین آف دی میچ رہنے والے عثمان خان شنواری کا انٹر ویو میں کہنا تھا کہ وہ 5سے6ما ہ بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں اور یہ ایک طرح سے ان کا کم بیک میچ تھا،میں نے اپنا پورا زور لگایا،پچ سلو تھی تاہم میں نے اپنے پلان کے مطابق باﺅلنگ کی ،سری لنکا کے خلاف میچ میں دوسری بار5شکار کرنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ لنکن بلے بازوں نے ان کی خوب دھلائی کی لہذا وہ بدلہ لے رہے تھے ۔تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 67رنز سے شکست دیدی ۔ نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ کے سامنے لنکن بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، پیسرز نے نپی تلی گیند بازی کرتے ہوئے صرف 28 رنز پر مہمان ٹیم کے 5 مستند بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا۔اوپنر گناتھلاکا 14، سمراوکراما 6، ویا فرنینڈو صفر، بوپ فرنینڈو 1 اور کپتان تھریمانے بغیر کھاتہ کھولے چلتے بنے۔شیہان جے سوریااور شناکا نے چھٹی وکٹ کےلئے ریکارڈ177رنز جوڑے اور اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں،جے سوریا 96رنز بنا کر عثمان شنواری کا شکار بنے،شناکا 68رنز بنا کر شاداب خان کے ہاتھوں آﺅٹ ہوئے،اودانا صرف ایک رن بنا سکے۔

آخری آﺅٹ ہونے والے بلے باز ہسارانگا ڈی سلوا تھے جو 30 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے 2، عماد وسیم، محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا ۔فخرزمان اور امام الحق نے ٹیم کو 73 رنز کا آغاز فراہم کیا، امام الحق 31 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے اور فخرزمان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی وہ 54 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔بابراعظم اور حارث سہیل کے درمیان 111 رنز کی شراکت قائم ہوئی، حارث 40 رنز بنانے کے بعد رن آﺅٹ ہوگئے تاہم بابراعظم نے ایک بار پھر متاثر کن کارکردگی دکھاتے ہوئے کیریئر کی 11ویں سنچری مکمل کی،وہ115رنز بنا کرپوویلین لوٹے۔عماد وسیم بھی صرف 12رنز بنا سکے ۔افتخار احمد کے 20گیندوں پر32رنز کی بدولت گرین شرٹس نے سری لنکا کےخلاف مقررہ50اوورز میں7وکٹوں پر305رنز بنائے ۔قومی ٹیم سرفراز احمد(کپتان )، فخر زمان، امام الحق بابر اعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، وہاب ریاض، وہاب ریاض، شاداب خان اور عثمان شنواری پر مشتمل ہے جب کہ آصف علی ،عابد علی، محمد رضوان، محمد نواز اور محمد حسنین کو میچ میں نہیں کھلایا گیا ہے۔دوسری جانب سری لنکن ٹیم لہرو تھریمانے( کپتان)، دنوشکا گناتھیکالا، اوشادا فرنینڈو، سدیراسمارا وکراما، شیہان جے سوریا، دسون شناکا، ونندو ہسارنگا، اینجیلو پریرا، منود بھنوسکا، اسورو اڈانا، نوان پریدپ، کسون رجیتھا، لہرو کمارا، لاکشن سنڈکن پر مشتمل ہے۔