سری لنکا ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اچھا رشتہ برقرار رکھے گا،سری لنکن وزیر کھیل

کراچی :سری لنکن وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے کراچی میں چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں وہ دن یاد ہے جب پاکستانی عوام بھی سری لنکا زندہ باد کے نعرے لگا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ لمحات ناقابل فراموش ہیں جب 1996میں قذافی سٹیڈیم میں سری لنکا نے آسٹریلیا کو ہرا کر ورلڈ کپ جیتا اور پاکستانی کراؤڈ نے ہمیں سپورٹ کیا تھا۔اس موقع پر سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شامی سلوا بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ احسان مانی کے ساتھ کافی عرصے سے رابطے میں ہوں، سری لنکا ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اچھا رشتہ برقرار رکھے گا۔ شامی سلوا کا سیکورٹی کے حوالے سے کہنا تھا کھلاڑیوں کو ابھی تک گھومنے کا موقع نہیں ملا ہے، سیکورٹی اتنی سخت ہے کہ کھلاڑی کہیں نہیں جا سکتے ہیں۔سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے پاکستان کی جانب سے بہترین سیکورٹی ملنے پر اظہار تشکر بھی کیا، انھوں نے کہا پاکستان اور سری لنکا نے ہمیشہ مل کر کام کیا، اگر ٹیسٹ سیریز کی درخواست آئے گی تو ضرور نظر ثانی کریں گے۔دوسری طرف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 67رنز سے شکست دیدی ۔یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ون ڈے بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔