شاہد آفریدی کی مریم مختار کے گھر آمد

اسلام آباد: قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد آفریدی بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ پاک فضائیہ کی شہید خاتون پائلٹ فلائنگ آفیسر مریم مختار کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے مریم مختار کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہیدپائلٹ کو خراج تحسین پیش کیا ۔اپنے ٹویٹر پیغام میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ”یوم دفاع تمام پاکستانیوں کے لیے خاص دن ہے ، میں نے اس دن کی اہمیت کے پیش نظر شہید پائلٹ مریم مختار کے گھر جاکر اہل خانہ سے ملاقات کی ،اللہ تعالی شہید کے درجات بلند کرے،ان کی بہادری اور شجاعت کا قصہ سننا بہترین تجربہ تھا،وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،پاکستان زندہ باد“۔

یاد رہے کہ24نومبر2015ءکو23سالہ فلائنگ آفیسر مریم مختار کا چینی ساختہJ-7 ٹریننگ طیارہ فنی خرابی کے باعث پنجاب کے علاقے کندیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا ،مریم نے طیارہ آبادی سے دور لے جانے کے بعد چھلانگ تو لگائی لیکن بلندی کم ہونے کے باعث لگنے والی چوٹوں کے باعث جام شہادت نوش کیا ۔انہیں حکومت کی جانب سے تمغہ بسالت سے نوازا گیا ۔