فخر زمان پی ایس ایل میں 2 ہزار مکمل کرنے والے دوسرے بلے باز بن گئے

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے افتتاحی مقابلے میں اوپننگ بلے باز فخر زمان نے ملتان سلطانز کے خلاف ماسٹر کلاس اننگز کھیلی۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز، جو پچھلے سیزن کے سب سے زیادہ سکور کرنے والے کھلاڑی تھے، نے 42 گیندوں پر 66 رنز کی سنسنی خیز اننگز کھیلی۔ لاہور قلندرز کے لیے میچ جیتنے والی اننگز میں تین چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے اور ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں موجود لوگوں کو محظوظ کیا۔اس کے ساتھ ہی فخر زمان نے اپنے پی ایس ایل کیریئر میں ایک اہم سنگ میل بھی حاصل کیا کیونکہ وہ بابر اعظم کے بعد ٹورنامنٹ میں 2000 رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے دوسرے بلے باز بن گئے۔ بابر اعظم پی ایس ایل کے 7 سیزنز میں 68 اننگز میں 42.33 کی اوسط سے 2413 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 23 نصف سنچریاں شامل ہیں۔فخر زمان 64 اننگز میں 31.82 کی اوسط اور ایک سنچری اور 17 نصف سنچریوں کی مدد سے 2005 رنز سکور کرچکے ہیں ۔وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل 75 اننگز میں 27.38 کی اوسط اور 3 سنچریوں اور 12 نصف سنچریوں کی مدد سے 1972 رنز سکور کرکے تیسرے نمبر پر ہیں ۔ شعیب ملک 72 اننگز میں 34.21 کی اوسط اور 12 نصف سنچریوں کی مدد سے 1882 رنز سکور کرکے چوتھے جب کہ محمد حفیظ 71 اننگز میں 27.51 کی اوسط اور 9 نصف سنچریوں کی مدد سے 1596 رنز بنا کر پانچویں پوزیشن پر ہیں۔ یہ بات قابل غور ہے کہ فخر زمان گزشتہ سال قلندرز کی مہم کا ایک لازمی حصہ تھے، جہاں انہوں نے 588 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر کے طور پر اختتام کیا۔مردان میں پیدا ہونے والے کرکٹر کی بلے کے ساتھ ناقابل یقین فارم شاہین آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز کے فائنل میں پہنچنے کی ایک بڑی وجہ تھی۔ لاہور قلندرز امید کر رہے ہوں گے کہ ان کا فارم میں اوپننگ بلے باز اپنی شاندار فارم کو جاری رکھیں گے اور اس سیزن میں ٹیم کو اعزاز کا کامیاب دفاع کرنے میں مدد دیں گے