بابر اعظم پلیئر آف دی منتھ کے ایوارڈ کیلئے نامزد

دبئی:قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لئے نامزد کردیا گیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے دسمبر2022 ء میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے کرکٹرز کی نامزدگیوں کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق پاکستان کے بابراعظم ، انگلینڈ کے ہیری بروک اور آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ شامل ہیں۔بابر اعظم نے دسمبر میں4 ٹیسٹ میچوں میں65.37 کی اوسط سے523 رنز بنائے ہیں۔ بابر نے دسمبر کا آغاز راولپنڈی ٹیسٹ میں 136 رنز کی اننگز سے کیا جس کے بعد دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچ میں 58 کی اوسط سے 348 رنز بنائے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 161 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے، انہوں نے دسمبر کا اختتام 65.37 کی اوسط سے 523 رنز بنا کر کیا۔انگلش نوجوان کرکٹر ہیری بروک کو دسمبر میں 93.60 کی اوسط سے 468 رنز بنانے پر فہرست میں شامل کیا گیا جبکہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کو ماہ دسمبر میں 455 رنز بنانے پر پلیئر آف دی منتھ کے لئے نامزد کیا گیا۔ بابر اعظم اس سے قبل2 مرتبہ آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔