نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان،حارث سہیل کی واپسی

کراچی : نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسکواڈ کا اعلان کیا اور بتایا کہ ون ڈے اسکواڈ میں کپتان بابراعظم، فخر زمان، حارث رؤف، حارث سہیل، امام الحق، کامران غلام، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان آغا، شاہ نواز دھانی، شان مسعود، طیب طاہر اور اسامہ میر شامل ہیں شاداب خان کو انجری کے باعث اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔دوسری طرف پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے پہلے نیوزی لینڈ کی ٹیم اہم بولر سے محروم ہوگئی، فاسٹ بولر ایڈم ملنے پاکستان اور بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز سے دستبردار ہوگئے ہیں، ان کی جگہ ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بلیئر ٹکنر کو ایڈم ملنے کی جگہ ون ڈے ٹیم میں شامل کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے، بلیئر ٹکنر 4 جنوری کو پاکستان کے لیے اڑان بھریں گے۔ترجمان نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق ایڈم ملنے نومبر میں بھارت کےخلاف ہوم سیریز کے دوران ہمیسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے، وہ ان دنوں ویلنگٹن فائربریڈز کی طرف سے کھیل رہے ہیں، ان کا موقف ہے کہ وہ بھی انٹرنیشنل کرکٹ کے چیلنج پر پورا اترنے کے لیے خود کو تیار نہیں پارہے، چیف سلیکٹر نے ان کی اس جرات اور ایمانداری کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ٹکنر ون ڈے سیریز میں اچھی پرفارمنس دیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے میچز 9، 11 اور 13 جنوری کو کھیلے جائیں گے