بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانا میرے ہاتھ میں نہیں

کراچی:پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ میرے ہوتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ضرور موقع ملے گا، بابر اعظم ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےنیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیار کی جارہی پچ کا معائنہ اور کیوریٹر سے گفتگو کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے مجھے موقع دیا ہے، مجھے اپنی ذمہ داریوں کاعلم ہے، اگر میں انصاف نہ کر پایا تو میرا کام مکمل نہیں ہوگا، میرے ساتھ تجربہ کار ٹیم ہے، اکیلا شو نہیں چلاتا، اختیارات کی تقسیم سے سب بااختیار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کے چیِئرمین کا پلیئرز سے براہ راست رابطہ ضروری ہوتا ہے، کھلاڑیوں سے انفرادی بات چیت کرکے اندازہ ہوا کہ مسائل کیا ہیں، حارث اور فخر سے خود رابطہ کرکے ان کا ٹیسٹ لیا۔شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کرکٹ آگے جائے لیکن جن پچز پر ہم نے کھیلا ہے اس سے ہم آگے نہیں جا سکتے، ایسی پچز سے بولرز کو کافی نقصان ہو سکتا ہے، ہم اس سے اچھی وکٹ بنا سکتے ہیں، دوسرے ٹیسٹ کے لیے بائونسی وکٹ کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے موقع دیا ہے، طویل مدت کے لئے سلیکشن کمیٹی کی ذمہ داری نہیں نبھاسکتا، خواہش ہے مدت مکمل ہونے سے پہلے ہم قومی سطح پر 2ٹیمیں بنائیں تاکہ بینچ مضبوط ہو۔انہوں نے کہا کہ بابر اعظم ٹیم کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، پہلے ٹیسٹ میں بابر اعظم کا نیوزی لینڈ کو ہدف دینے کا فیصلہ اچھا لگا، سلیکشن کمیٹی بابر کو سپورٹ کرے گی۔بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے الگ کئے جانے کے حوالے سے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم نے بابر اعظم کے مستقبل پر کوئی فیصلہ نہیں کیا، بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانا میرے ہاتھ میں نہیں، کپتان کے مستقبل کا فیصلہ چیئرمین نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں انصاف نہ کر پایا تو میرا کام مکمل نہیں ہو گا، میرے ہوتے ہوئے پرفارمرز کو موقع ضرور ملے گا۔سلیکشن کمیٹی کے عبوری چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم نے انڈر 19کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لئے موقع دیا ہے۔