پہلا آل سندھ بلوچستان فٹ بال ٹورنامنٹ سبی میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

کوئٹہ: پہلا آل سندھ بلوچستان فٹ بال ٹورنامنٹ سبی میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ ڈی ایف اے لورالائی کی ٹیم پلنٹی ککس پر شرافی محمڈن سندھ کو شکست دے کر چیمپئن بن گئی۔تفصیلات کے مطابق پہلا آل سندھ بلوچستان فٹ بال ٹورنامنٹ جو کہ اس ماہ کی پندرہ تاریخ سے بلوچستان کے تین بڑے شہروں سبی، اوتھل اور ڈیرہ مراد جمالی میں بیک وقت شروع ہوا۔اور اس بہترین ٹورنامنٹ میں بلوچستان اور سندھ کی 30 بہترین ٹیموں نے شرکت کی جن میں کراچی سمیت سندھ کی 13 ٹیمیں اور بلوچستان میں کالیفائنگ رائونڈ کے بعد منتخب ہونے والی 17 بہترین ٹیموں نے شرکت کی جن میں بلوچستان کے 8 ڈسٹرکٹ بھی شامل تھے۔ بالآخر ڈی ایف اے لورالائی کی کامیابی کے ساتھ خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوا۔محکمہ کھیل و امور نوجوانان بلوچستان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے فائنل کے مہمان خاص سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان محمد اسحاق جمالی تھے جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس دُرا بلوچ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ایاز داجلی ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس نصیرآباد فیروز علی، ڈپٹی ڈائریکٹر قلات ڈویژن یوسف بلوچ،سپورٹس آفیسر ژوب جمیل احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایکٹیویٹیز آصف لانگو، ڈسٹرکٹ جیل سپریڈنٹ عبد اللہ خان کاکڑ سمیت دیگر افسران اور کثیر تعداد میں شائقین سردار چاکر خان ڈومکی فٹبال اسٹیڈیم سبی میں موجود تھے۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان محمد اسحاق جمالی نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا مقصد علاقے میں امن اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے فائنل میچ دیکھنے کے لیے شائقین کی کثیر تعداد میں موجود ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ کھیلوں سے بہت محبت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے ایونٹس منعقد کیے جائیں گے دوسرے صوبوں سے ہم کھلاڑیوں کو دعوت دیتے رہیں گے کہ آپ آئیں اور ہمارے کھیلوں کے میدان آباد کریں مہمان نوازی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی انہوں نے کہا کہ یہ آخری ایونٹ نہیں ہے ہر سال بلوچستان کے مختلف اضلاع میں اس طرح کے مقابلے منعقد کروائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ میں یہ اعلان کرتا ہوں جنوری کے تیسرے ہفتے میں فٹ بال، کرکٹ، شوٹنگ بال اور دیگر کھیل منعقد کروائے جا رہے ہیں۔پہلا سدرن سپورٹس میلہ گوادر میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کھیل کا یہ عزم ہے کہ اس طرح کے مواقع آپ کھلاڑیوں کے لئے مہیا کرتا رہے۔ ایک مثبت جذبے کے ساتھ کھیل کے میدان آباد رہیں اور اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کریں معاشرے کو مثبت پیغام دیں تاکہ ہمارا معاشرہ امن و دوستی کا گہوارہ بن سکے ۔آخر میں انہوں نے فاتح ٹیم کو تین لاکھ نقد انعام اور جیت کی ٹرافی سے نوازا دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو دو لاکھ روپے نقد انعام اور رنرز اپ ٹرافی مہمان خصوصی نے پیش کی۔ اس موقع پر محکمہ سپورٹس کے افسران، اور انتظامی کمیٹی کے نمائندوں میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس درا بلوچ نے شیلڈز تقسیم کیں ۔