پہلا آل بلوچستان شہداء ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز

کوئٹہ : بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور بلوچستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی زیر سرپرستی آل بلوچستان شہدا ہاکی ٹورنامنٹ کاآغاز ہوگیا ہے۔ افتتاحی میچ میں گریٹ ہزارہ ہاکی کلب نے السفیان ہاکی کلب کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنلٹی ککس پر 2-0گولز سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔میچ کے مہمان خصوصی شہید مجاہد اسلام بٹ کے صاحبزادے معاذ مجاہد بٹ تھے۔ دوسرے میچ میں ینگ نعیم ہاکی کلب نے شہید امتیاز ہاکی کلب کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-0گولز سے شکست دی، فاتح ٹیم کی طرف سے نوید، محمد علی ، طارق اور محمد علی حاتم نے گول کئے، اس میچ کے مہمان خصوصی شہید میر علی کرد کے صاحبزادے میر اسامہ کرد تھے،میچز میں ایمپائرز کے فرائض رحمان شاہ، عامر شاہ اور عبدالقیوم رند نے سرانجام دیئے جبکہ میچ آفیشلزکےفرائض ارشد نسیم، اعجاز انجم،یاسر لودھی،عامر حسین گلبدین بڑیچ نے سر انجام دئیے۔انتظامات کی نگرانی ٹورنامنٹ آرگنائزر حبیب اللہ، جنرل سیکرٹری بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن سید امین، پاکستان ہاکی فیڈریشن کوآرڈینیٹر شرافت بٹ،غلام جیلانی انٹرنیشنل،احمد علی، عبدالقدیر، حاجی عاشق علی ، جمال الدین نے سر انجام دی۔ تمام شہدا کے عزیز و اقارب نے ہاکی ایسوسی ایشن کے اقدامات کو سراہا اورنوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی اور تمام سینئر کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے شہدا کو یاد رکھا اور امید کا اظہار کیا کہ شہدا کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ کل ہزارہ ہاکی کلب بمقابلہ گریٹ ہزارہ ہاکی کلب اور دوسرا میچ ہزارہ کمباینڈ ہاکی کلب بمقابلہ ینگ نعیم ہاکی کلب کھیلا جائے گا۔ایونٹ 30دسمبر کو اختتام پذیر ہو گا۔