آئی سی سی نے پاکستان کو کرکٹ کیلئے محفوظ ملک قرار دیدیا

لاہور: آئی سی سی نے پاکستان کو کرکٹ کیلئے محفوظ ملک قرار دیدیا۔ پاکستان دنیائے کرکٹ کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک ہے، شائقین کرکٹ سیریز دیکھنے کیلئے سفر کرکے پاکستان آئے ہیں، سی ای او انٹرنیشنل کرکٹ کونسل جیف الارڈیس۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف الارڈیس نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان دنیائے کرکٹ کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک ہے، نیوزی لینڈ ٹیم بھی کچھ دنوں تک پاکستان آرہی ہے، خوشی ہورہی ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ تواتر کے ساتھ واپس آرہی ہے۔شائقین کرکٹ سیریز دیکھنے کیلئے سفر کرکے پاکستان آئے ہیں، جیف الارڈیس نے مزید کہا کہ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان سیریز بھی بہترین رہی، ٹیسٹ کرکٹ کی خوبصورتی یہی ہے کہ وہ ہر جگہ مختلف طریقے سے ہوتی ہے، پچ اور موسم کی صورتحال بھی مختلف ہوتی ہے، کچھ میچز جلدی ختم ہوجاتے تو کچھ کا رزلٹ دیر سے آتا ہے، ٹیسٹ کرکٹ سے میں خوش ہوں یہی کرکٹ کا حسن ہے۔سی ای او آئی سی سی کا کہنا ہے کہ 2014ء میں ویمن چیمپئن شپ کا اہتمام کیا گیا تھا، ویمن کرکٹ کی سیریز زیادہ سے زیادہ کروانا ترجیحات میں شامل ہے، ٹی 20 فارمیٹ نے کرکٹ کو جدت دی ہے، جس کا ورلڈ کپ ہر 2 سال بعد ہوا کرے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موجود شائقیین کرکٹ کا کھیل سے بہت لگاؤ دیکھا ہے، پاکستان کے لوگ سیاحوں کے ساتھ بہترین سلوک کرتے ہیں، میں نے پاکستان آکر جب بھی سیریز دیکھی بہت اچھے طریقے سے میرا استقبال کیا گیا۔