چیف آف ائیر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ اختتام پذیر

اسلام آباد:چیف آف دی ائیر اسٹاف سرینا ہوٹلز انٹرنیشنل مین اینڈ سیرینا ہوٹلز کومبیکس اسپورٹس انٹرنیشنل ویمن اسکواش چیمپیئن شپ، 2022 مصحف اسکواش کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوگئی ہے۔ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان اسکواش فیڈریشن کا پاک فضائیہ، سرینا ہوٹلز اور کومبیکس اسپورٹس کے اشتراک سے اسکواش چیمپئن شپ کا انعقاد ہوا ، اسکواش ٹورنامنٹ 19 سے 23 اکتوبر 2022 تک مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلا گیا۔ترجمان کے مطابق اسکواش کے اس میگا ایونٹ میں جرمنی، سپین، مصر، سنگاپور، آسٹریا، ملائیشیا، سربیا، امریکا، برازیل، ہنگری، انگلینڈ، قطر، جمہوریہ چیک، ایران، کویت اور پاکستان سمیت 16 ممالک کے 48 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ مردوں اور خواتین کے مقابلوں کے فائنل مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے گئے جبکہ ائیر مارشل محمد زاہد محمود، وائس چیف آف دی ائیر سٹاف کی بطور مہمان خصوصی اختتامی تقریب میں شرکت اور فائنلسٹ میں ٹرافیاں اور انعامی رقوم تقسیم کی گئی۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ خواتین کا فائنل مصر سے تعلق رکھنے والی خواتین کھلاڑیوں مس ملاک خفگی اور مس فیروز ابو الخیر کے درمیان کھیلا گیا، خواتین کے اس مقابلے میں فیروز ابو الخیر نے ملاک خفگی کو 37 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں 3-2 (11-6، 10-12، 11-14، 6-11 اور 12-10) کے گیم سکور سے شکست دی۔ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ مردوں کا فائنل دونوں مصری کھلاڑیوں مسٹر مصطفیٰ السیرتی اور مسٹر محمد الشربینی کے درمیان کھیلا گیا، مردوں کے اس مقابلے میں مصطفیٰ السرتی نے محمد الشربینی کو 49 منٹوں تک جاری رہنے والے مقابلے میں 3-1 (4-11، 11-5، 11-7 اور 11-8) کے گیم سکور سے شکست دی اور فتح اپنے نام کی۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاک فضائیہ اس طرح کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کرکے قومی تشخص کے فروغ میں باقاعدگی سے اپنا حصہ ڈالتی رہی ہے، اس میگا ایونٹ کی کامیاب میزبانی اس بات کی واضح دلیل ہے کہ پاکستان کھیلوں سے لگاؤ رکھنے والا ملک ہے۔ترجمان پاک فضائیہ کا مزید کہنا ہے کہ اسکواش کا یہ کامیاب ٹورنامنٹ اس بات کی بھی واضح دلیل ہے کہ پاکستان بین الاقوامی سپورٹس کے مقابلوں کی میزبانی کے لیے ایک پرامن ملک ہے۔