بابر اعظم 8 ہزارٹی ٹونٹی رنز مکمل کرنے والے کم عمر ترین بلے باز بن گئے

لاہور : پاکستان ٹیم کے آل فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم نے حال ہی میں ختم ہونے والے ایشیا کپ 2022ء میں مایوس کن کارکردگی کے بعد اپنی فارم دوبارہ حاصل کی، جہاں انہوں نے سری لنکا کے خلاف 30 کے ٹاپ سکور کے ساتھ چھ اننگز میں صرف 68 رنز بنائے۔ انگلینڈ کے خلاف 7 میچوں کی T20I سیریز کے دوسرے میچ کے دوران دائیں ہاتھ کے کھلاڑی نے 66 گیندوں پر 11 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 110 رنز بنائے۔27 سالہ بابر اعظم نے بیٹنگ کے بہت سے ریکارڈ توڑ دیے، جن میں کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں دوسری سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی ہونے اور بغیر کوئی وکٹ کھوئے سب سے زیادہ ہدف کا تعاقب کرنا بھی شامل ہے۔ دریں اثناء خوبصورت بلے باز نے بھارت کے ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا، وہ سب سے کم عرصے میں 8000 ٹی ٹونٹی رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے کرکٹ کی تاریخ کے کھلاڑی بن گئے، جنہوں نے یہ کارنامہ 9 سال اور 295 دنوں میں مکمل کیا۔آل فارمیٹ کپتان تجربہ کار بلے باز شعیب ملک کے بعد 8000 ٹی ٹونٹی رنز بنانے کا سنگ میل عبور کرنے والے دوسرے پاکستانی بلے باز اور کم عمر ترین بلے باز بھی بن گئے۔ انہوں نے 27 سال 342 دن کی عمر میں یہ کارنامہ سرانجام دیا ۔بابر اعظم کو اب تیز ترین 3000 ٹی ٹونٹی رنز بنانے کے لیے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑنے کے لیے تین اننگز میں مزید صرف 105 رنز درکار ہیں۔ انہوں نے ون ڈے ریکارڈز میں ویرات کوہلی اور جنوبی افریقہ کے سابق لیجنڈری بلے باز ہاشم آملہ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔