بابر اعظم اور رضوان کو ٹیم سے نکالو، شاہین آفریدی کا اوپننگ بلے بازوں کے ناقدین پر طنزیہ وار

کراچی :شاہین آفریدی نے ناقدین پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ کپتان اور رضوان کو ٹیم سے نکالو۔ تفصیلات کے مطابق فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی نے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان کی شاندار فتح اور بابر اعظم اور محمد رضوان کی تاریخی بلے باز پر دلچسپ ردعمل دیا ہے۔

گزشتہ دنوں ناقدین کی بے جا تنقید کی زد میں رہنے والے اوپننگ بلے بازوں کے ناقدین پر شاہین آفریدی نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کو ٹیم سے نکالو، یہ خود غرض کھلاڑی ہیں، اچھا کھیلتے تو 15 ویں اوور میں میچ ختم ہو جاتا لیکن میچ کو آخری اوور تک لے گئے۔شاہین نے مزید طنز کرتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ ایک مہم شروع کی جائے؟۔اپنی ٹوئٹ کے آخر میں شاہین شاہ آفریدی نے لکھا کہ انہیں اس شاندار پاکستانی ٹیم پر فخر ہے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف میچ کے دوران بابر اعظم اور محمد رضوان کی جوڑی نے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے، دونوں بلے باز ہدف کے تعاقب میں ڈبل سینچری شراکت داری قائم کرنے والی دنیا کی پہلی اوپننگ جوڑی بن گئی۔جبکہ محمد رضوان اور بابر اعظم ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز کی سب سے کامیاب جوڑی بھی بن گئے۔