باکسرعامر خان لائن آف کنٹرول پہنچ گئے

مظفرآباد:پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کےلئے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پہنچ گئے ہیں۔عامر خان نے چکوٹھی سیکٹر میں ایل او سی کی اگلی چیک پوسٹوں کا دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کی۔ کشمیری عوام سے گفتگو میں انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔عالمی شہرت یافتہ برطانوی باکسر کا کہنا تھا کہ میں یہاں صرف کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنے اور عالمی سطح پر انکی آواز بننے کیلئے آیا ہوں، مجھے احساس ہے کہ ایل او سی کی دوسری جانب کیا ہو رہا ہے۔پاکستانی نژاد برطانوی باکسر کا کہنا تھا کہ واپس جا کر دنیا بھر کو بتاﺅں گا کہ کشمیر کی کیا صورتحال ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فینز سے بھی کہوں گا کہ اپنی حکومت پر مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے زور ڈالیں۔عامر خان کا

کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ 24 اگست کو باکسر عامر خان نے ایل او سی کا دورہ کرنےکا اعلان کیا تھا۔ایک پیغام میں محمد عامر کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں بیٹھ کر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو صرف ٹیلی ویژن پر دیکھا ہے۔ مقبوضہ وادی کو دیکھ کر محسوس کیا کہ کشمیریوں پر شدید نوعیت کے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں لہٰذا اس مظلوم قوم سے اظہار یکجہتی کےلئے خود ایل او سی پر جاوں گا۔عالمی لائٹ ویٹ چیمپئن باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بچوں کو قتل کیا جا رہا ہے، بچے سکول نہیں جا سکتے ان پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں،یہ وقت کی ضرورت ہے کہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے انسانیت سوز مظالم کےخلاف آگے بڑھ کر آواز اٹھاﺅں،عامر خان کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر جانےکا مقصد بھارت کے غاصبانہ اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا میں اجاگر کرنا ہے۔ ٹوئٹر پیغام میں عامر خان نے ایل او سی جانےکا موقع فراہم کرنے پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔