پشاور زلمی کے کھلاڑی ڈیرن سیمی کو ستارہ پاکستان ایوارڈ سے نوازا گیا

لاہور : پاکستان کے لیے خدمات سرانجام دینے پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر ڈیرن سیمی کو سِول ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ڈیرن سیمی نے ستارہ پاکستان کا ایوارڈ ملنے کی تصویر شیئر کی ہے۔ 38 سالہ ڈیرن سیمی نے تصویر کے ساتھ ایک پیغام بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ’میں ستارہ پاکستان کا ایوارڈ وصول کررہا ہوں، یہ میرے لیے قابل فخر لمحہ ہے‘۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ڈیرن سیمی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ آپ ستارہ پاکستان کے مستحق تھے۔جاوید آفریدی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کرکٹ کی بحالی کے لیے آپ کا تعاون سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا‘۔متعدد سوشل میڈیا صارفین نے ڈیرن سیمی کو ستارۂ پاکستان وصول کرنے پر مبارکباد پیش کی۔