ہم اپنی صلاحیت کو کارکردگی میں تبدیل کریں گے،سرفراز احمد

لندن : کپتان قومی ٹیم سرفراز احمد نے کہا ہے کہ  ہمیں اپنی صلاحیت پر یقین تھا اور ہم یقین رکھتے تھے کہ جب ہم اپنی صلاحیت کو کارکردگی میں تبدیل کریں گے تو ہم اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ امید پر دنیا قائم ہے اور امیدسے باہر کچھ نہیں ہے۔  امید ہی ہے کہ جو ہمیں مشکل سے مشکل کام کرنے کا حوصلہ اور طاقت دیتی ہے یہاں تک کہ جب ہم ورلڈ کپ کے اہم میچ میں روایتی حریف بھارت سے ہار گئے تو اس کے بعد بھی ہماری امید نہیں ٹوٹی۔انہوں نے مزید کہا ک ہم آگے بھی اپنی صلاحیت کو کارکردگی میں بدلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت لیا لیکن سکہ پاکستان کے حق میں گرتا تو ہم بھی بیٹنگ ہی کرتے کیونکہ ہم نے پچ کو اچھی طرح سے دیکھا تھا اور بنیادی خیال یہی تھا کہ نئی گیند کو گزارنا ہوگا، چاہے بیٹنگ کریں یا باوٴلنگ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قسمت اچھی تھی کہ ہمیں مارٹن گپٹل کی ابتدائی وکٹ جلد ہی مل گئی لیکن کین ولیمسن کی وکٹ اہم تھی۔وہ سب سے بہتر فارم میں تھا اور خوب رنز بنا رہا تھا اور جب شاداب خان نے اسے آؤٹ کیا تو ہم نے سوچا کہ ہم نیوزی لینڈ کو جلد آؤٹ کر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ آگے جیت کے لیے ہمیں اپنے پاؤں زمین پر رکھنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امید پر دنیا قائم ہے اور امیدسے باہر کچھ نہیں ہے اور ہم اپنی صلاحیت کو کارکردگی میں تبدیل کریں گے، اس طرح ہی ہم ٹورنمنٹ جیت سکتے ہیں۔