کشمیر پریمیئر لیگ کو ناکام کرنے کی سازش شروع، بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہرشل گبز کو دھمکیاں

کیپ ٹائون: بھارت کی کھلی بدمعاشی، کشمیر پریمیئر لیگ کو ناکام کرنے کی سازش شروع کر دی، بھارتی کرکٹ بورڈ نے کے پی ایل میں شرکت کرنے والے غیر ملکی کرکٹر پر پابندی عائد کرنے کی دھمکی دے دی۔جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز ہرشل گبز نے کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں حصہ نہ لینے کی دھمکی دینے پر بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) پر طنز کیا ہے۔ ایک انٹرویو میں 47 سالہ ہرشل گبز نے انکشاف کیا کہ انہیں سابق پروٹیز کپتان گریم سمتھ نے بتایا تھا کہ اگر وہ کشمیر پریمیئر لیگ میں حصہ لیتے ہیں تو انہیں انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے یا کرکٹ سے متعلقہ کسی بھی کام کے لیے بھارت جانے کی اجازت نہیں ہوگی،انہوں نے کہا کہ یہ پیغام مسٹر شاہ کی طرف سے آیا ، انہوں نے پیغام گریم سمتھ کو بھیجا جنہوں نے اسے مجھ تک پہنچایا۔

انہوں نے ٹوئٹر پر الزام لگایا کہ بی سی سی آئی انہیں پاکستان کے ساتھ بھارت کے سیاسی اختلافات کی وجہ سے کے پی ایل کھیلنے سے روک رہا ہے۔ہرشل گبز نے ٹویٹ کیا کہ ’’بی سی سی آئی کی پاکستان کے ساتھ اپنے سیاسی ایجنڈے کو استعمال کرنے اور مجھے کشمیر ٹی ٹونٹی پریمیئر لیگ میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش کرنے کوشش غیر ضروری تھی، بھارتی کرکٹ بورڈ کا مجھے یہ دھمکی دینا کہ وہ مجھے کرکٹ سے متعلقہ کسی بھی کام کے لیے بھارت میں داخل ہونے نہیں دیں گے مضحکہ خیز ہے‘‘۔ہرشل گبز نے 1996ء سے 2010ء کے دوران جنوبی افریقہ کیلئے 90 ٹیسٹ، 248 ون ڈے، 23 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھارتی بورڈ کی جانب سے دھمکی دی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ کشمیر گئے توان پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سمیت انڈین کرکٹ کے دروازے بند کردیں گے۔