پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 6 کی ٹیم کا اعلان کردیا

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 6 کی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے 3،3 ، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے 2،2 اور کراچی کنگز کے ایک کھلاڑی شامل ہیں۔ ملتان سلطانز کے محمد رضوان کو اس ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا ہے، سلطانز نے فائنل میں پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے کر اپنا پہلا پی ایس ایل ٹائٹل جیتا تھا ۔رضوان نے 12 میچوں میں 45.45 کی اوسط اور 127.87 کی سٹرائیک ریٹ سے 4 نصف سنچریوں کے ساتھ 500 رنز بنا کر ٹورنامنٹ ختم کیا۔ انہوں نے پی ایس ایل 6 کے بہترین وکٹ کیپر کی حیثیت سے وکٹوں کے پیچھے 20 شکار کیے۔ 2019ء میں شروع ہونے کے بعد سے رضوان پی ایس ایل کی ٹیم کے تیسرے مختلف کپتان ہیں۔سرفراز احمد کو 2019ء میں کپتان نامزد کیا گیا تھا جبکہ شاداب خان کو 2020ء کی ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا تھا۔پی ایس ایل ٹیم میں آصف علی ، بابراعظم ، حسن علی ، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض کو دوسری بار منتخب کیا گیا ہے جبکہ بابراعظم اور شاہین آفریدی اسے 2 کھلاڑی ہیں جنہوں نے 2020ء کی طرح اس سال بھی اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ بابراعظم کو افغانستان کے حضرت اللہ زازئی ، کولن منرو ، صہیب مقصود ، محمد رضوان اور آصف علی کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ وہاب ریاض بائولنگ اٹیک کی قیادت کریں گے جس میں حسن علی ، شاہین شاہ آفریدی ، شاہنواز دہانی اور افغانستان کے راشد خان بھی شامل ہیں۔