شعیب اختر مل گیا

لاہور: پاکستان کو ایک اور شعیب اختر مل گیا، نوجوان فاسٹ باولر نسیم شاہ نے تیز رفتار اور تباہ کن باولنگ سے سب کو متاثر کر دیا، قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے بھی نوجوان کرکٹر کو مستقبل کا اسٹار قرار دے دیا۔ پاکستان نے دنیائے کرکٹ میں نامور کھلاڑی پیدا کئے۔خاص طور پر قومی کرکٹ میں فاسٹ بولنگ کا شعبہ ہمیشہ سے مضبوط رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ بھی نئے فاسٹ بولرز کی تربیت اور تکنیکی صلاحیتوں میں نکھار لانے کو خاص اہمیت دیتا ہے۔ انہی ستاروں میں ایک ابھرتا ہوا نام قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا بھی ہے جس نے انڈر 16 کرکٹ میں لاہور ریجن کی نمائندگی سے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز کیا اور ٹورنامنٹ کے بہترین بولر بن کر قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم میں منتخب ہوگئے۔دبئی میں آسٹریلیا کے خلاف قومی انڈر 16 کی نمائندگی کا موقع ملا تو کل 3 میچوں میں نسیم شاہ نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔نسیم شاہ نے قومی انڈر 19 ٹورنامنٹ سیزن کے 10 ایک روزہ میچوں میں 27 وکٹیں حاصل کرکے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم میں جگہ بنا لی۔ بنگلہ دیش میں یوتھ ایشیاء کپ کے دوران قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے نسیم شاہ نے 3 میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔بعد ازاں بنگلہ دیش سے واپسی پر زرعی ترقیاتی بنک کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کیا۔ کم ہی وقت میں تیز رفتار اور تباہ کن باولنگ کے جوہر دکھانے پر نسیم شاہ کو پاکستان کا نیا شعیب اختر قرار دیا جانے لگا ہے۔ جبکہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھی نسیم شاہ کی خصوصی تعریف کی ہے۔ مکی آرتھر نے نسیم شاہ کو پاکستان کا مستقبل کا اسٹار قرار دیا ہے۔