کراچی ٹیسٹ: جنوبی افریقہ کیخلاف قومی ٹیم کے لیفٹ آرم سپنر نعمان علی نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

کراچی: قومی ٹیم کے لیفٹ آرم سپنر نعمان علی گزشتہ 87 سال کے دوران ڈیبیو ٹیسٹ میں 5 شکار کرنیوالے معمر ترین سپنر بائولر بن گئے ہیں ۔ کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز نعمان علی نے 34 سال 111 دن کی عمر میں جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز میں 35 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جس کے ساتھ ہی وہ گزشتہ 87 سال کے دوران ڈیبیو ٹیسٹ میں 5 وکٹیں لینے والے سپنر اور گزشتہ 72 سال کے دوران اپنے پہلے ٹیسٹ میں 5 شکار کرنیوالے معمر ترین بائولر بھی بن گئے۔نعمان علی سے قبل 1949ء میں نیوزی لینڈ کے میڈیم پیسر فین کریسویل نے 34 سال 146 دن کی عمر میں انگلینڈ کیخلاف اوول کرکٹ گرائونڈ پر 168 رنز دیکر 6 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔نعمان علی ڈیبیو ٹیسٹ میں 5 وکٹیں لینے والے 12 ویں پاکستانی بائولر اور محمد نذیر، شاہد آفریدی اور بلال آصف کے بعد چوتھے پاکستانی سپنر بھی بنے ہیں ۔ یاد رہے کہ کراچی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 245 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی اور پاکستان کو کامیابی کے لیے 88 رنز کا ہدف مل گیا ہے ۔نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز مہمان ٹیم نے 4 وکٹ کے نقصان پر 187 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ کیشو مہاراج کو 2 رنز پر حسن علی نے بولڈ کیا اور کپتان ڈی کوک کی اننگز کا خاتمہ 2 رنز پر یاسر شاہ نے کیا، ۔ اینرج نورجے کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوئے، جارج لنڈے 11 رنزبنا سکے جب کہ ٹمبا باوما کی مزاحمت 40 رنز پر دم توڑ گئی۔قومی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں سپنرز چھائے رہے،ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی نے 5 اور یاسر شاہ نے 4 وکٹیں حاصل کی، 1وکٹ حسن علی کو ملی۔