پی ایس ایل میچز پر سیکورٹی انتظامات توقعات سے بڑھ کر ہونگے

راولپنڈی : آئی جی پنجاب عارف نواز خان نے پی ایس ایل کے میچز کی فول پروف سیکیورٹی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس ایل میچز پر سیکورٹی انتظامات توقعات سے بڑھ کر ہونگے ، پولیس کا مثبت تصور اور عوام کی خدمت ہماری ترجیح ہے ،بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں سیاسی مداخلت کا تاثر پیدا کردیا جاتا ہے ۔تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب عارف نواز خان نے پیر کو آر پی او آفس راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہیں پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی ۔آرپی او کیپٹن ریٹائرڈ احسان طفیل نے راولپنڈی میں امن وامان اور کرائم ریٹ پر آئی جی پنجاب کو بریفننگ دی بعد ازاں انہوں نے سٹی ٹریفک پولیس آفس میں ون ونڈو آپریشن بلڈنگ کا افتتاح کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ اس جدید عمارت میں عوام کو ٹریفک لائسنس کے حصول میں آسانی ہوگی سی ٹی او کو شاباش دیتا ہوں راولپنڈی پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا ہے پی ایس ایل کے حوالے سے ہم تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 716پولیس سٹیشنز میں سے 100کی اپنی عمارتیں نہیں اگلا ہدف پولیس سٹیشن کی بہتری اور سروس ڈلیوری ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہمیں پولیس نفری اور وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ کے لئے انوسٹی گیشن فنڈ کی فراہمی کا طریقہ کار جلد وضع کر دیا جائے گا ۔