مکمل دیانتداری اور عزم کے ساتھ قومی ٹیم کی کپتانی کرونگا، محمد رضوان

نیپئر : وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹی ٹونٹی میچ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں جہاں میکلین پارک میں ان کی 89 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان نے آخری ٹی ٹونٹی میچ میں کامیابی حاصل کی ۔ 28سالہ محمد رضوان پراعتماد ہیں کہ وہ 26 دسمبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں مزید اچھی فارم کے ساتھ جائیں گے اور ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے 33 ویں کپتان بن جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے جاری کردہ ویڈیو میں رضوان نے کہا کہ میں صرف ایک دن پاکستان کے لئے کھیلنا چاہتا تھا لیکن میں نے کبھی اپنے خوابوں میں نہیں سوچا تھا کہ میں اپنے ملک کی قیادت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پی سی بی کا احترام کرتے ہیں اور اس کے شکرگزار ہیں جس نے اس عزت کے لیے ان کا انتخاب کیا، وہ دیانتداری اور عزم کے ساتھ قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے ۔