آسٹر یلیا کے ہاتھوں بدترین تاریخی شکست، بھارتیوں کی اپنی ٹیم کی دھلائی

ایڈیلیڈ : آسٹریلیا کیخلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور گھر کے شیر صرف 36 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔ اپنی ٹیم کی اس شرمناک کارکردگی پر غصے میں بھرے بھارتی شہریوں نے دل کی بھڑاس نکالنے کیلئے سوشل میڈیا کا رخ کیا۔

سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ نے ٹویٹر پر بھارتی کھلاڑیوں کاانفرادی سکور لکھ کر اسے ون ٹائم پاسورڈ (او ٹی پی) قرار دیا۔ایک اور ٹوئٹر صارف نے ایک میم شیئر کیا جس میں لکھا تھا کہ’جلدی بال ڈال ابھی پویلین نکلنا ہے‘۔ایک ٹوئٹر صارف نے سہواگ کے جواب میں میم شیئر کی جس میں انہوں نے اداکار راجپال یادیو کا تاریخی ڈائیلاگ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ہم کوئی مندر کا گھنٹا ہے کوئی بھی آکے بجا جاتا ہے‘۔ایک ٹویٹر صارف نے میم شیئر کیا جس میں ایک شخص کے پلک جھپکنے کے وقت کو دکھایا گیا، میم میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پلکیں جھپکنے سے پہلے بھارت کا 9 رن پرایک کھلاڑی آؤٹ ہوتا ہے مگر دوبارہ آنکھیں کھلنے تک 19 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوتے ہیں۔مسالو نامی ٹوئٹر صاف نے تجویز دی کہ روی شاستری کو ہٹا کر راہول ڈریوڈ کو بھارتی ٹیم کا کوچ مقرر کیا جائے، انہوں نے بھارتی ٹیم کا انتخاب آئی پی ایل کی بجائے فرسٹ کلاس کرکٹ کی بنیاد پرکرنے کی تجویز بھی دی ۔دی ایپک بلاگر نامی صارف نے میم شیئر کی جس میں ایک شخص آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کو مخاطب کرتے ہوئے کہ رہا ہوتا ہے کہ ’یہ گیند پھینک رہے ہیں یا بم پھینک رہے ہیں‘۔ایک صارف نے طنزکیا کہ ’ویرات کوہلی نے دعویٰ کیا کہ ٹیم نئے انڈیا کا عکس ہے، اب پوری ٹیم اسے درست ثابت کر رہی ہے‘۔یاد رہے کہ گزشتہ روز تک بھارت ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں اچھی پوزیشن پر تھا تاہم جب بھارت نے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن اپنی اننگز 1وکٹ کے نقصان پر 9 رنز سے شروع کی تو جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز سے بھارتی بیٹنگ لائن تہس نہس کر دی۔ ہیزل ووڈ نے 8 رنز دیکر 5 جبکہ کمنز نے 21 رنز دیکر 4 بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔