پاکستان کرکٹ بورڈ نے یونس خان کوبیٹنگ کوچ مقرر کردیا

کراچی : پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان یونس خان کو بیٹنگ کوچ مقرر کردیا ہے ۔ یونس خان کی تقرری کم از کم آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022 تک کے لیے کی گئی ہے۔اکتوبر/ نومبر 2022 میں آسٹریلیا میں شیڈول ایونٹ کا فائنل 13 نومبر کو کھیلا جائے گا ۔اس سے قبل یونس خان نے دورہ انگلینڈ میں بھی قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کیں تھیں ۔سابق کپتان اب دورہ نیوزی لینڈ میں بھی یہی کردار نبھائیں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم 23 نومبر کو نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔جب قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ مصروفیت نہیں ہوگی تو یونس خان حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے ۔ اس سلسلے میں نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر ایک مکمل پروگرام تشکیل دے گا۔‏ یونس خان نے 118 ٹیسٹ میچز میں 10099 جبکہ 265 ایک روزہ انٹر نیشنل میچز میں 7249 اور 25 ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل میچز میں 442 رنز اسکور کئے ۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 34 ٹیسٹ سنچریاں بنائیں ۔ ان کا بہترین اسکور 2009 میں کراچی میں سری لنکا کے خلاف 313 رنزتھا۔‏ یونس خان آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2009 کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی تھے ،ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔‏پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا انہیں خوشی ہے کہ یونس خان اب کم از کم آئندہ دو برس تک بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ہمارے ساتھ کام کریں گے ، اگرچہ وہ انگلینڈ میں مختصر وقت کے لئے ٹیم کے ساتھ رہے تاہم اس دوران ہمیں ان کے بارے میں جو فیڈ بیک ملا وہ شاندار تھا ۔