پہلا ون ڈے : پاکستان نے زمبابوے کو281 رنز کا ہدف دیدیا ،امام الحق اور حارث سہیل کی نصف سنچریاں

راولپنڈی : تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے زمبابوے کو کامیابی کے لیے 281 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے ایک بار پھر دفاعی مائنڈ سیٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جارح مزاج فخر زمان کی جگہ عابد علی کو موقع دیا جب کہ حارث روف آج اپنا پہلا ون ڈے کھیل رہے ہیں ۔پاکستان کے لیے امام الحق اور عابد علی نے محتاط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو 47 رنز کا آغاز فراہم کیا جب کے بعد عابد علی 21 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے۔بابر اعظم اور امام الحق نے دوسری وکٹ کے لیے 42 رنز جوڑے جس کے بعد بابر 19 رنز بناکر موزاربانی کے ہاتھوں پوویلین لوٹے ۔امام الحق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن 58 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے ۔محمد رضوان بھی تیز کھیلنے کی کوشش میں 14 رنز بناکر چسورو کی گیند پر بولڈ ہوگئے، افتخار احمد بھی صرف 12 رنز بنا کرپوویلین لوٹے۔ حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی لیکن 71 رنز بنا کر بڑی شاٹس کھیلنے کی کوشش کرتے ہوئے سکندر رضا کا شکار بن گئے ،فہیم اشرف اور عماد وسیم نے ساتویں وکٹ کے لیے 42 رنز جوڑے جس کے بعد فہیم اشرف 23 رنز بنا کر پوویلین لوٹے۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے بعد 3 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز بھی راولپنڈی میں ہی کھیلی جائے گی ۔ اس میچ کے لیے پاکسانی الیون بابراعظم(کپتان)، امام الحق، عابد علی، حارث سہیل، محمد رضوان، افتخار احمد، فہیم اشرف، وہاب ریاض، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور عماد وسیم پر مشتمل ہے جب کہ زمبابوین ٹیم میں چامو چبھابھا(کپتان)، سکندر رضا، برینڈن ٹیلر(وکٹ کیپر)، برائن چاری، ٹنڈائی چسورو، کریگ ایرون، ویزلے میڈھویرے، کارل ممبا، بلیسنگ مزاربانی، رچرڈ نگاروا اور شان ولیمزشامل ہیں۔