مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفی دیدیا ،ذرائع

لاہور :قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفی دیدیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 46 سالہ مصباح الحق پر ایک عہدہ چھوڑنے کے حوالے سے شدید دبائوتھا، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ آج دوپہر ڈیڑھ بجے پریس کانفرنس میں چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا باضابطہ طور پر اعلان کریں گے۔ ذرائع کے مطابق انگلینڈ میں خراب پرفارمنس کے بعد 46 سالہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق سے ایک عہدہ واپس لینے کا مطالبہ پھر زور پکڑنے لگا جس کے بعد پی سی بی نے بوجھ کو کم کرنے کیلئے ایک عہدہ واپس لینے کیلئے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ حالانکہ مصباح الحق کی معاونت کے لیے اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ سے لیکر بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ اور اسپن بولنگ کوچ تک تمام سرکردہ لوگ موجود ہیں جبکہ سلیکٹرز میں 6 صوبائی ایسوسی ایشنز کی کوچز شامل ہیں۔مصباح الحق سے چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں واپس لی جا سکتی ہیں اور اس عہدے کیلئے شعیب اختر کا نام گردش کر رہا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے2019ء میں مصباح الحق کو 3 سال کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا۔ مصباح الحق پی سی بی کی جانب سے قائم کردہ 5 رکنی پینل کا متفقہ انتخاب تھے۔