ٹی ٹونٹی کرکٹ، بابراعظم رواں سال سب سے زیادہ سکور کرنیوالے کھلاڑی بن گئے

لاہور : پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابر اعظم رواں سال سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔ راولپنڈی کے کرکٹ سٹیڈیم میں بابر اعظم نے ناقابل شکست 64 رنز سکور کیے جس کے ساتھ ہی وہ رواں سال سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔ رواں سال بابر اعظم کے مجموعی رنز کی تعداد 942 ہوگئی جب کہ انگلینڈ کے ایلکس ہیلز نے سال میں اب تک 895 رنز بنائے ہیں۔آسٹریلیا کے مارکس سٹوئنس 809 رنز بناکر تیسرے نمبر پر ہیں۔ اس سال پاکستان کی جانب سے نمایاں رنز بنانے والوں میں دوسرا نمبر شعیب ملک کا ہے جنہوں نے 2020ء میں اب تک 703 رنز بنائے ہیں جب کہ محمد حفیظ نے 684 رنز سکور کیے۔ بابر اعظم نے اس سال اب تک 8 نصف سنچریاں اور ایک سنچری سکور کیں ، یوں وہ 9 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ اس فہرست میں بھی پہلی پوزیشن پر ہیں۔پاکستان وائٹ بال ٹیم کپتان اس سال ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ چوکے لگانے والے بیٹسمین بھی ہیں۔ انہوں نے رواں سال اب تک 108 چوکے لگائے جب کہ کوئی دوسرا کھلاڑی 100 چوکے بھی نہ لگاسکا ہے۔