امام الحق اور شاہین آفریدی پر الزامات لگانیوالی’لڑکی‘’فریحہ‘ کون ہے

لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی امام الحق کا مبینہ سکینڈل سامنے آنے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے اور ہر کوئی اپنی رائے کا اظہار کرنے میں مصروف ہے . ٹوئٹر پر ’فریحہ‘ نامی ایک صارف نے قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق کی کچھ تصاویر اور واٹس ایپ چیٹ کے سکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ ایک ہی وقت میں سات سے آٹھ خواتین کیساتھ تعلق رکھے ہوئے ہیں اور ان کے جذبات کے ساتھ کھیل رہے ہیں .یہ تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا اور کوئی امام الحق کو تنقید کا نشانہ بنانے لگا تو کوئی ان کے حق میں سامنے آیا کہ ایسے معاشقے یکطرفہ نہیں ہوتے بلکہ لڑکے اور لڑکی کی رضامندی کیساتھ ہوتے ہیں مگر جب معاملات خراب ہو جائیں تو پھر لڑکیاں ’می ٹو‘ مہم کا سہارا لے کر خود معصوم بن جاتی ہیں . ابھی امام الحق کا معاملہ گرم ہی تھا کہ مذکورہ لڑکی نے شاہین شاہ آفریدی کی ایک تصویر جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ اب فاسٹ باﺅلر کے بارے میں بھی جلد ہی انکشافات کرنے جا رہی ہے . اس کیساتھ ہی اس نے بابراعظم، شاداب خان اور حسن علی کے ناموں پر مشتمل ایک پول بنا کر اپنے فالوورز سے پوچھا کہ ان میں سے کس کرکٹر کے بارے میں سب سے پہلے انکشافات کئے جائیں . ابھی یہ معاملہ چل ہی رہا تھا کہ مذکورہ لڑکی کا اکاﺅنٹ ہی بند ہو گیا جس پر ہر کوئی حیران ہوا اور اب یہ انکشاف منظرعام پر آیا ہے کہ ’فریحہ‘ کے نام سے چلنے والے اکاﺅنٹ کے پیچھے کوئی لڑکی نہیں بلکہ ایک لڑکا ہے . بہت سے ٹوئٹر صارفین اس حوالے سے ٹویٹس کرنے کے علاوہ ناصرف اس لڑکے کی تصاویر شیئر کر رہے ہیں بلکہ اسی اکاﺅنٹ پر کی گئی کچھ پرانی ٹویٹس کے سکرین شاٹس بھی سامنے لا رہے ہیں اور اس سارے معاملے نے ایک اور بحث کا آغاز کر دیا ہے اور قومی کرکٹرز کے کردار کو مشکوک بنانے کی کوشش کرنے پر مذکورہ لڑکے کیخلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت ایکشن لینے کا مطالبہ شروع ہو گیا ہے . سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر ”اسد سہیل “ نامی ایک صارف نے فریحہ کے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاﺅنٹس کےچند سکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے لکھا ”وہ لڑکی جس نے امام الحق کے بارے میں انکشافات کئے جعلی نکلی . پہلے اس نے اپنا یوزر نیم تبدیل کیا اور اب اپنا اکاﺅنٹ ہی بند کر دیا ہے . اب یہ تصدیق ہو گئی ہے کہ امام الحق سے متعلق سامنے آنے والے سکرین شاٹس بھی جعلی تھے . کیا ٹوئسٹ ہے . “ اسد نے اپنی اگلی پوسٹ میں ’فریحہ‘ کے اکاﺅنٹ پر پروفائل پکچر کیلئے استعمال ہونے والی مردانہ تصاویر کے سکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے لکھا ”یہ وہ اکاﺅنٹ ہے جس نے گزشتہ روز امام الحق کے بارے میں انکشافات کئے . لگتا ہے کہ وہ اپنی پرانی ٹویٹس ڈیلیٹ کرنا بھول گیا . اس اکاﺅنٹ کو استعمال کرنے والے شخص کیخلاف مناسب قانونی کارروائی کی جانی چاہئے ۔