بابر اعظم کو نائب کپتا ن بنایا جائے، عبدالقادر

لاہور : قومی ٹیم کے سابق کپتان اور لیگ سپنر عبدالقادر نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) سے سرفراز احمد کو قومی ٹیم کے تینوں فارمیٹس کی قیادت برقرار رکھنے اور بابر اعظم کونائب کپتان بنانےکا مطالبہ کیا ہے۔ عبدالقادر کا کہنا تھا کہ یہ نہایت ہی افسوس کی بات ہے کہ پاکستانی ٹیم 2019 ءورلڈ کپ میں سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی لیکن اس ناکامی کا الزام صرف کپتان سرفراز احمد کو دینا درست نہیں ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ سرفراز احمد فاتح کپتان ہیں اور بہت سے مشکل میچز میں انہوں نے زندہ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو جیت کی راہ دکھائی۔عبدالقادر نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم کو نائب کپتا ن بنایا جائے، بابر اعظم ماضی میں بھی پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں، انہیں کپتانی کے گر آتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سرفراز احمد دو سے تین سال کے بعد ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیں گے، اس عرصے میں بابر اعظم بھی بہتر طریقے سے ٹیم کی قیادت کرنے میں ماہر ہوجائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ پی سی بی کے لیے سرفراز احمد کے بعد بابر اعظم سے بہترکوئی دوسرا انتخاب نہیں ہوگا۔واضح رہے عبدالقادر نے 1977 ءسے 1993ءکے دوران پاکستان کےلئے 67 ٹیسٹ اور 104 ون ڈے میچز کھیلے اور اس کے ساتھ ساتھ وہ کمنٹیٹر اور کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں۔