چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے سول آفیسر میس میں ٹینس اور بیڈمنٹن کورٹس کا افتتاح کر دیا

پشاور:چیف سیکرٹری خیبرپختونخواڈاکٹر کاظم نیاز نے کھیلوں کی ایک ہزار سہولیات پراجیکٹ کے سلسلے میں سول آفیسر ز میس پشاور میں ٹینس کورٹس اور بیڈمنٹن کورٹ کا باضابطہ افتتاح کیا اس موقع پر سیکرٹری ایڈمنسٹریشن ظا ہر شاہ ، سیکرٹری کھیل عابد مجید ،سیکرٹری جنگلات شاہد اللہ خان ، سیکرٹری انرجی اینڈ پاور محمد زبیر ، وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ، سیکرٹری ایکسائز اسلام زیب ، ظہور خان پی ایس پی ، سیکرٹری خزانہ عاطف الرحمن، سیکرٹری اعلی تعلیم حسن محمود یوسفزئی، عبدالستار ڈائریکٹر این آئی ایم پشاور ، پراجیکٹ ڈائریکٹر مراد علی مہمند سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ تمام محکمے وزیراعظم عمران خان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے اور وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں ، صوبے بھر میں کھیلوں کی سہولتوں کا جال بچھایا جارہا ہے جس کا مقصد کھلاڑیوں کو آگے آنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔ ‘انہوں نے سیکرٹری کھیل عابد مجید ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیارخان خٹک اور پراجیکٹ ڈائریکٹر مراد علی مہمند کی کارکردگی کو سراہا۔ سیکرٹری کھیل عابد مجید اور پراجیکٹ ڈائریکٹرسہولیات کھیل پراجیکٹ مراد علی مہمند نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت صوبے کے مختلف اضلاع میں 486 ملین کی 96سکیموں پر کام جاری ہے ، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل امبریلا سکیم کے تحت ایک ہزار سہولیات کھیل پراجیکٹ میں شامل291 ملین کے 28 نئے منصوبوں کے پی سی ونز سیکرٹری کھیل کی وساطت سے منظوری کے لئے حکومت کو بھیج دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی محمود خان کے وژن کے مطابق پورے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ضلع اور تحصیل سطح پر گرائونڈ اور کھیلوں کی سہولیات مہیا کرنے کے لئے تیزی سے کام جاری ہے تاکہ نوجوان نسل مفید اور کار آمد ہو۔ چیف سیکرٹری کاظم نیاز نے سیکرٹری ایڈمنسٹریشن ظاہرشاہ کی کارکردگی کو بھی سراہا جنہوں نے سول آفیسرز میس میں ٹینس کورٹس اور بیڈمنٹن کورٹس کونگرانی کرتے ہوئے وقت سے پہلے مکمل کروایا۔