سری لنکا نے ورلڈ کپ فائنل بھارت کو فروخت کیا تھا ، تحقیقات کا حکم

کولمبو:سری لنکا نے 2011 میں کھیلے گئے کرکٹ ورلڈ کپ فائنل کو بھارت کو فروخت کرنے کے الزامات کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔سری لنکا کے سابق وزیرِ کھیل مہندانندا الودگاماگے نے رواں ماہ دعویٰ کیا تھا کہ سری لنکا نے ورلڈ کپ فائنل بھارت کوفروخت کیا تھا اور بھارت کو جیت کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔سری لنکا کی وزارتِ کھیل کے سیکریٹری کے ڈی ایس روان چندرا نے خبر رساں ادارےکو بتایا ہے کہ ورلڈ کپ 2011 کے فائنل کے فکس ہونے سے متعلق تحقیقات کے سلسلے میں کریمنل انویسٹی گیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں جرائم سے متعلق پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کو معاملے کی تحقیقات کی ذمہ داری دی ہے۔اُن کے بقول ایس آئی یو ایک آزاد تحقیقاتی ادارہ ہے جو ہر پہلو سے معاملے کی تفتیش کرے گا۔سری لنکا کے مقامی میڈیا کے مطابق 2011 ورلڈکپ کے فائنل میچ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے والے سابق چیف سلیکٹر اروندا ڈی سلوا کو تحقیقاتی ٹیم نے منگل کو انٹرویو کے لیے طلب کر لیا ہے۔