یونس خان دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کے سب سے کامیاب بیٹسمین اور سابق کپتان یونس خان کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ تعینات کردیا گیا ہے۔ یونس خان کے علاوہ پی سی بی نے پاکستان کی جانب سے 25 ٹیسٹ میچوں میں شرکت کرنے والے سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا سپن باؤلنگ کوچ مقرر کردیا ہے۔تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز اگست-ستمبر میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کے حوالے سے مزید تفیصلات جلد جاری کردی جائیں گی۔ یہ فیصلہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس کو ضروری اور اہم وسائل کی فراہمی کے لیے کیا گیا ہے جو انہیں ٹیم کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مدد کرے گا۔یونس خان نے 2000ء سے 2017ء تک محیط اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں 118 میچوں میں 52 سے زائد کی اوسط کے ساتھ 10099 رنز بنائے۔اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں 139 کیچز تھامنے والے یونس خان پاکستان کی تاریخ کے بہترین فیلڈر ہیں۔ دنیا کے دیگر فیلڈرز کی فہرست میں ان کا نمبر 13واں ہے۔ اس کے عالوہ یونس خان نے 2007ء میں انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں یارکشائر کی نمائندگی کی جہاں انہوں نے 13 میچوں میں 48 سے زائد کی اوسط سے 824 رنز بنائے۔