کرونا مہلک بیماری،احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ضرورت ہے،شاہد آفریدی

کوئٹہ:پا کستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شا ہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ بلوچ اور پختون محب وطن اور ملک کے وفادار ہیں،ملک اور قوم کیلیے ان کی قربانیاں رایگاں نہیں جائیگی،بلوچستان میں فٹبال کا کھیل مقبول ہے لیکن سہولیات کی کمی کے باعث کھلاڑی مشکلات کا شکار ہے،اپنے بچوں اور خاص کر بیٹیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں کیونکہ خواتین معاشرے کو لیکر چلتی ہے۔ ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے نو شکی میں 500مستحقین میں راشن تقسیم کر نے کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر شاہد خان آ فریدی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام نے مجھے بہت عزت اور محبت دی ہے بلوچ اور پختون محب وطن اور ملک کے وفادار ہے۔ملک اور قوم کیلئے ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیگی ،میں نے رمضان المبارک میں وعدہ کیا تھا کہ بلوچستان کے دیہی علاقوں میں جاکر کرونا سے متاثرہ خاندانوں کی معاونت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں پاک فوج،ایف سی،پولیس،لیویز اور ڈپٹی کمشنر نوشکی کا مشکورہوں جنہوں نے مستحقین میں راشن تقسیم کر نے کے سلسلے میں ہما رے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی بیٹیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں کیونکہ خواتین معاشرے کو لیکر چلتی ہے،کرونا ایک خطرناک وبا ہے اس کے لیئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔