بھارت کرکٹ ٹیم میں اختلافات

لندن: بھارت کی سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کے بعد سے ٹیم میں اختلافات کی خبریں سامنے آرہی ہیں،کئی لوگوں کا یہ بھی خیال ہے کہ کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما پر زیادہ انحصار ٹیم انڈیا کو لے ڈوبا۔بھارتی میڈیا نے کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ ہر ٹیم ایک ورلڈ کپ کے بعد دوسرے کے لیے تیاریاں شروع کردیتی ہے اور اسی سلسلے میں بورڈ روہت شرما اور ویرات کوہلی کے درمیان کپتانی تقسیم کرنے کے بارے میں غور کررہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ویرات کوہلی کو ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی جب کہ روہت شرما کو ون ڈے کا کپتان مقرر کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ کپتان کو بورڈ کی جانب سے بھرپور حمایت ملی ہے اور اب اگلے ورلڈ کپ کی تیاریاں کرنے کا وقت ہے، روہت شرما اس حوالے سے بہترین انتخاب ہیں۔خیال رہے کہ عالمی کپ 2019 ءمیں بھارتی ٹیم کی مجموعی طور پر طور پر کارکردگی شاندار رہی تاہم سیمی فائنل میں اسے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں خلاف توقع شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس سے قبل بھارتی ٹیم میں اختلاف کی خبریں بھی منظر عام پر آچکی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیم میں کوہلی اور شرما گروپ بن چکے ہیں۔