شاہد آفریدی نے مشفیق الرحیم کا یادگار بیٹ 20ہزار ڈالرز میں خرید لیا

کراچی :سابق قومی آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بنگلہ دیشی بیٹسمین مشفیق الرحیم کا یادگار بیٹ 20ہزار ڈالرز میں خرید لیا جو انہوں نے 2013ء میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں ڈبل سنچری کے دوران استعمال کیا تھا، یہ رقم وہاں کورونا متاثرین کی امداد پر خرچ ہو گی۔

واضح رہے کہ مشفیق الرحیم نے کورونا وائرس متاثرین کی مدد کیلئے اس بیٹ کی نیلامی جعلی بولیوں کی وجہ سے روک دی تھی لیکن شاہد آفریدی نے اسے خرید لیا جس پر مشفیق الرحیم نے پاکستانی آل راؤنڈر کا شکریہ ادا کیا ہے ۔شاہد آفریدی نے مشفیق الرحیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشفیق آپ اپنے لوگوں کے لیے زبردست کام کر رہے ہیں اور ایسے کام حقیقی ہیروز ہی کرتے ہیں۔انہوں نے پیغام میں کہا ہے کہ ہم سب بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں تو ایسے وقت میں ہمیں ایک دوسرے کی ضرورت ہوتی ہے۔شاہد آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں مجھے جو پیار ملا ہے وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔