اوورسیز پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں، کرکٹر کیون پیٹرسن

لاہور :عالمی شہرت یافتہ سابق انگلش کرکٹر کیون پیٹرسن نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قائم کردہ کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ دینے کی اپیل کردی۔ تفصیلات کے مطابق 39 سالہ سابق برطانوی کرکٹر کیون پیٹرسن نے اپنے ویڈیو پیغام میں اوورسیز پاکستانیوں سے عمران خان کے کرونا ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے تاکہ لاک ڈاؤن کے باعث بیروزگار لوگوں کی مالی مدد کی جا سکے۔سابق انگلش کرکٹر کیون پیٹرسن نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’’کرونا وائرس کے باعث پیدا شدہ بحران میں پاکستان کو اس وقت زیادہ سے زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے غریب اور متوسط طبقہ کی لاک ڈاؤن میں مدد کر سکے۔اپنے ویڈیو پیغام کے آخر میں انگلش کرکٹر نے اوورسیز پاکستانیوں کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کے کورونا ریلیف فنڈ کی ویب سائٹ بتاتے ہوئے ایک بار پھر اپیل کی اور کہا کہ میری آپ سب سے درخواست ہے کہ آپ زیادہ سے زیادہ اس مشکل کی گھڑی میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہر ممکن مدد کریں۔