پی ایس ایل5،ملتان سلطانز کی پہلی پوزیشن محفوظ

اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی ٹیم 14 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور اس نے پہلے ہی سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ کراچی کنگز کی ٹیم 4 فتوحات کے بعد ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں ملتان سلطانز نے اب تک 9 میچز کھیل کر 6 میں کامیابی حاصل کی ہے اور ایک میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا،ملتان سلطانز کی ٹیم کو دیگر ٹیموں پر 5 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے اور اب اس سے پہلی پوزیشن کوئی ٹیم نہیں چھین سکتی ہے، کراچی کنگز اور پشاور زلمی 9، 9 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں تاہم 2017ء میں پی ایس ایل ٹائٹل اپنے نام کرنے والی پشاور زلمی نے اپنے 10 میچز مکمل کرلیے ہیں۔لاہور قلندرز کی ٹیم 9 میچز کھیل کر چار میں کامیابی کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ 2016ء اور2018ء کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں 7 ، 7 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔