کورونا وائرس کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ کی منسوخی کا خدشہ

ممبئی: کورونا وائرس کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ کی منسوخی کا خدشہ ظاہر کیا جانے لگا۔تفصیلات کے مطابق مہاراشٹرا کے وزیر صحت راجیش نے کہاکہ جب آئی پی ایل میچز کے دوران اتنی بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوں گے تو وائرس پھیل سکتا ہے، اس لیے ایونٹ کی تاریخ آگے بڑھانا ممکن ہوگا۔بی سی سی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز بہت زیادہ ہوتے ہیں تو اس سال لیگ کو منسوخ کیا جاسکتا ہے کیوں کہ انٹر نیشنل کیلنڈر کو دیکھتے ہوئے ہی آئی پی ایل کی تاریخیں رکھی جاتی ہیں اور ان تاریخوں کو آگے پیچھے کرنا ممکن نہیں ہوگا-یاد رہے کہ آئی پی ایل کا افتتاحی میچ ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز کے درمیان وانکھیڈے سٹیڈیم میں 29 مارچ کو ہونا ہے۔بی سی سی آئی کے صدر ساروگنگولی نے واضح کیا تھا کہ ایونٹ شیڈول کے مطابق ہوگا، کورونا وائرس کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔