کھیلوں سے ہی مشکل حالات کا مقابلہ کرنا سیکھا،عمران خان

پشاور: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل وقت کا مقابلہ کرنا نہ سیکھتا تو آج حالات کا مقابلہ نہیں کر سکتا تھا،ہ اگر کھلاڑی نہ ہوتا تو جو حکومت ملی ڈیرھ سال میں چھوڑ کر جا چکا ہوتا، زندگی اونچ نیچ کا نام ہے، گر کر کھڑا ہونیوالا پہلے سے زیادہ مضبوط ہوتا ہے، کھیلوں سے ہی مشکل حالات کا مقابلہ کرنا سیکھا۔وزیر اعظم عمران خان نے پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس نہ کھیلتا تو 22 سال پہلے شکست تسلیم کر چکا ہوتا۔ نوجوانوں کو سپورٹس کی اہمیت بتانا چاہتا ہوں۔ زندگی مقابلے کا نام ہے اور سپورٹس مقابلہ کرنا سکھاتا ہے جب کہ سپورٹس کا فائدہ انسان کی صحت پر بھی ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسان تب ہارتا ہے جب وہ ہار مان جاتا ہے جبکہ چیمپئن ہارنے پر سوچتا ہے کہ کیا غلطی ہوئی اور چیمپئن مقابلہ بارنے کے لیے دوبارہ کھڑا ہوتا ہے کیونکہ چیمپیئن کو ہار ہرا نہیں سکتی۔چیمپئن جب ہارتا ہے تو اس کا سر جھکتا نہیں ہے وہ اپنی غلطی کو دور کرنے کی کوشش کرتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ زندگی اونچ نیچ کا نام ہے جو اوپر پہنچتا ہے گھبراتا نہیں ہے۔ ملک کو اٹھانے کے لیے سیاست میں آئیں گے تو بھی مقابلہ کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے پشاور میں ہونے والے انڈر 21 مقابلوں سے پاکستان کا ٹیلنٹ ابھرے گا۔قبل ازیں عمران خان نے انڈر 21 گیمز کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جبکہ آسمان پر رنگ بکھر گئے، گورنر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی وزرا بھی تقریب میں شریک ہوئے۔