قبا ئلی اضلاع کے عوام امن پسند اور ریاست کے وفادار ہیں

پشاور:گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ ضم اضلاع کی ترقی وخوشحالی میری اولین ترجیح ہے۔ ضم اضلاع کے عوام کیساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کیاجائیگا اوراُن کے محرومیوں کا خاتمہ کیاجائیگا۔معاشرے کی ترقی وخوشحالی کیلئے امن انتہائی ضروری ہے، ملک کی حفاظت اورامن و امان کے قیام کیلئے ہم سب کومشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرناہوگا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ روزگورنرہاؤس پشاور میں وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کی معرفت سے ضم ضلع باجوڑسے اورنگزیب انقلابی کی سربراہی میں پیپلزپارٹی کے 60 رکنی عوامی نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں حاجی خان بہادر، انجینئر حضور، سعیدالرحمن، غلام اسحاق، شوکت رحمن، خواجہ نظام الدین، ملک گل شادی خان، شیرعلی، ڈاکٹر انور، حاجی ملک مشہور اور عامر خان سمیت دیگر شامل تھے۔نگران صوبائی وزراء شفیع اللہ خان، منظور آفریدی، رحمت سلام خٹک اور سابق صوبائی وزیرمولانا امان اللہ حقانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے گورنر کو علاقے کے عوام کو بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، تعلیمی سہولیات کے فقدان، تجارت سے متعلق مسائل سمیت انفراسٹرکچر اوردیگر بنیادی سہولیات سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ گورنرنے وفد کے معروضات غورسے سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو بعض مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری کئے جبکہ دیگر مسائل کے حل کیلئے بھی اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔وفد نے مصروفیات کے باوجود ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر گورنر کاشکریہ اداکیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیاکہ بحیثیت گورنر جس خلوص اور محبت سے عوام کے ساتھ رابطہ رکھاہواہے صوبے کی تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ وفاقی اورصوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ ضم اضلاع کے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس ضمن میں تمام وسائل کو بروئے کارلایاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف ضم اضلاع کی ترقی وخوشحالی میں خصوصی طور پر دلچسپی لے رہے ہیں تاکہ قبائلی عوام کی محرومیوں کاازالہ کیاجاسکے اور ان علاقوں کو بھی ملک اورصوبے کی دیگر ترقیافتہ علاقوں کے برابر لایاجاسکے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن وامان برقراررکھنے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرناہوگا اور بالخصوص مشران کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نفرتوں کے خاتمے اور محبت اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنا کردار بہترین طریقے سے ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ ملک معاشی طور پر مشکل وقت سے گزررہاہے تاہم سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر باہم اتفاق اور اتحاد سے ملک کو درپیش تمام مشکلات اور چیلنجز پر قابو پایاجاسکتاہے اور وہ وقت دور نہیں جب ہمارا ملک بھی خطے میں معاشی طور پرمضبوط اور ایک خوشحال ملک ہوگا۔بعد ازاں گورنر سے ہنگو سے سابق رکن صوبائی اسمبلی مفتی سید جانان کی سربراہی میں 7 رکنی نمائندہ عوامی وفد نے بھی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور گورنر کو عوام علاقہ کو درپیش مسائل و مشکلات سے متعلق آگاہ کیا۔ اس موقع پر گورنر نے وفد کو متعلقہ محکموں سے مل کر مسائل و مشکلات کے حل کی یقین دہانی کرائی